لاہور: بلال یاسین حملہ کیس میں بڑی اور اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اجرتی قاتل تھے۔
پولیس ذرائع نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملہ کرنے والے اُجرتی قاتل تھے، تاہم حملہ کس نے اور کیوں کروایا، اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے لاہور کے ٹاپ شوٹرز کی فہرستیں مرتب کرلی ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ تفتیشی ٹیمیں تاحال سراغ نہیں لگاسکی ہیں کہ حملہ کس نے اور کیوں کرایا۔
علاوہ ازیں بلال یاسین نے حملہ آوروں کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق کونسلر میاں اکرم کو ملنے موہنی روڈ آیا تھا، ان کے گھر کے باہر بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر دو حملہ آور آئے، جنہوں نے جینز کی پینٹ اور جیکٹس پہن رکھی تھیں، انہوں نے موٹر سائیکل سے اتر کر جان سے مارنے کے لیے فائرنگ کردی، ایک فائر پیٹ اور دوسرا بائیں ٹانگ پر لگا تو میں گرگیا۔