وزیراعظم سے بلال مقصود کا میوزک انڈسٹری کی بحالی کا مطالبہ!

کراچی: گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے کہا ہے کہ وزیراعظم سنیما انڈسٹری کی بحالی کے ساتھ میوزک انڈسٹری کی بھی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
پاپ بینڈ اسٹرنگز کے گلوکار و موسیقار بلال مقصود کا کہنا ہے کہ میں نے اخبار میں دیکھا، وزیراعظم عمران خان نے ایک اجلاس کے دوران ملک میں سنیما کی بحالی کے لیے ہدایات دی ہیں، یہ ایک اچھی بات ہے تاہم یہ بھی بتایا جائے کہ ایک موسیقار کے لیے اس ملک میں کیا ہے اور ہماری اہمیت کیا ہے، ایک عام تاثر یہ ہے کہ ہم بہت برا کام کررہے ہیں۔


بلال مقصود نے کہا کہ اگر حکومت کا ہمارے بارے میں تاثر بھی یہی ہے تو بتادیں تاہم مجھے نہیں لگتا کہ عمران خان کی ایسی سوچ ہے، کیوںکہ ان کے دنیا میں بڑے بڑے موسیقاروں کے ساتھ رابطے ہیں، لہٰذا ہمیں ایسے پلیٹ فارم مہیا کیے جائیں جہاں سے عوام کی موسیقاروں کے بارے میں ذہنیت تبدیل ہو اور موسیقاروں کو ڈر ڈر کر کہیں بھی قدم نہ رکھنا پڑے۔
موسیقار بلال مقصود نے کہا کہ ہمیں ہر جگہ دشمنی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، چاہے سوشل میڈیا ہو یا کوئی کنسرٹ ہو لہٰذا اگر اسی ذہنیت کے ساتھ ہم چلتے رہے تو موسیقی پاکستان سے ختم ہوجائے گی۔

Bilal MaqsoodPM Imran