کراچی: اداکار بلال عباس خان پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بولی وُڈ میں روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے باوجود بھارتی ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
ڈراما سیریل ’’پیار کے صدقے‘‘، ’’چیخ‘‘ اور ویب سیریز ’’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘‘ میں بہترین اداکاری کرکے لوگوں کی داد سمیٹنے والے اداکار بلال عباس خان بھارتی ہدایت کار وشال بھردواج کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بھارتی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بلال عباس نے کہا کہ انہیں فلمیں اور ویب سیریز دیکھنا بہت پسند ہے۔ چاہے وہ ہالی وُڈ کی ہو یا بولی وُڈ کی۔ انہوں نے کہا میں نے کئی بھارتی فلمیں دیکھی ہیں جن میں جنوبی ہند کی فلمیں بھی شامل ہیں۔ اور میرے اداکار ہونے کے پیچھے بھی یہی وجہ ہے۔ میری خواہش ہے کہ مجھے وشال بھردواج ڈائریکٹ کریں۔
انہوں نے وشال بھردواج کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا میں نے ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں جن میں ’’اوم کارا‘‘، ’’کمینے‘‘، ’’حیدر‘‘، اور ’’مقبول‘‘ شامل ہیں۔ وہ سینما کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اور میں ان فلموں کا حصہ بننے کا خواہشمند ہوں جس میں کرداروں کی پرفارمنس اور ایک طاقتور اسٹوری لائن ہو۔ وشال بھردواج میرے ہمیشہ سے پسندیدہ ہدایت کار رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلال عباس خان ان دنوں پاکستانی ہدایت کارہ مہرین جبار کی ویب سیریز ’’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ جس میں ان کے مقابل مدیحہ امام اداکاری کررہی ہیں۔ یہ ویب سیریز بھارتی اسٹریمنگ چینل زی فائیو پر نشر کیا جارہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ کئی برسوں سے بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔