لاہور: سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف مینار پاکستان میں منعقد ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ اس سے قبل وہ دبئی سے اسلام آباد اور پھر لاہور پہنچے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ن لیگ نے اپنے قائد میاں نواز شریف کی چار سال بعد وطن واپسی کی خوشی میں مینار پاکستان پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا ہے۔ جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے ن لیگ کے رہنما اپنے اپنے حلقوں سے کارکنوں کا جلوس لے کر پنڈال میں پہنچ رہے ہیں۔ لاہور سمیت مینار پاکستان گراؤنڈ کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے۔
جلسے میں مریم نواز سمیت متعدد اہم رہنما پہنچ چکے ہیں جب کہ پارٹی قائد نواز شریف بھی اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے، جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، بعدازاں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ پہنچے، آج کے جلسے سے نواز شریف اہم خطاب کریں گے۔ شاہی قلعہ سے نواز شریف کو مینار پاکستان تک گاڑی میں بٹھا کر لایا جائے گا، ان کی جلسہ گاہ آمد پر 10 سے زائد منٹ تک آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
نواز شریف کی جلسہ گاہ آمد کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے مینار پاکستان جلسے کے شرکا کے لیے دو فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے، 2 بڑے کنٹینرز میں بنائے گئے فیلڈ اسپتال گیٹ نمبر 4 کے باہر کھڑے کیے گئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل کا عملہ موجود ہونے کے ساتھ ادویہ کی وافر مقدار بھی موجود ہے۔
مینار پاکستان میں چھوٹے طیارے سے پنڈال میں بھی پھول پھینکے جارہے ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔