برطانیہ میں کورونا ویکسین کی وسیع پیمانے پر استعمال کی اجازت!

لندن: حکومت برطانیہ نے کورونا ویکسین کی وسیع پیمانے پر استعمال کی اجازت دے دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے کورونا ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی اجازت دی ہے۔
برٹش ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کورونا سے 95 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے اور اس کی ویکسی نیشن کا پروگرام آئندہ ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔
برٹش ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق آئندہ ہفتے سے شروع کی جانے والی ویکسی نیشن میں سب سے پہلے ترجیحی گروپوں کو ویکسین دی جائے گی۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے بدھ کو ہیلتھ کیئر پروڈکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کے استعمال کی سفارشات کی منظوری دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ پہلے ہی 40 ملین ویکسینز کا آرڈر دے چکا جو 20 ملین لوگوں کے لیے ہے اور انہیں دن میں دو مرتبہ ویکسین دی جائے گی۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ 10 ملین کے قریب ویکسینز جلد دستیاب ہونی چاہئیں اور ملک میں ویکسین کی پہلی خوراک آنے والے دنوں میں پہنچ رہی ہے۔
برطانوی سیکریٹری صحت میٹ ہینکوک کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ویکسین کی دستیابی آئندہ ہفتے یقینی بنائی جائے گی اور ویکسی نیشن کا پروگرام آئندہ ہفتے کے آغاز سے ہی شروع ہوگا، جو ایک خوش آئند بات ہے۔

britanniaCorona vaccine