کراچی: گزشتہ دنوں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہے۔ اس بچے کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔
بختاور بھٹو نے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا اور تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
سابق صدر زرداری اور وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور نے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش وقت سے قریباً ایک ماہ قبل ہوئی ہے جس کے باعث نوزائیدہ کو طبی مسائل کا سامنا ہے، اسی تناظر میں بیٹے کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ بیٹے کی آمد 8 نومبر کو متوقع تھی لیکن اس نے 10 اکتوبر کو دنیا میں آکر ہم سب کو حیران کردیا، بیٹا فی الحال این آئی سی یو میں ہے لیکن دن بہ دن بہتر ہورہا ہے، اسے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش 10 اکتوبر کو ہوئی ہے جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کیا۔