بچے کی طرح نظر آنے والا 33 سالہ آدمی!

ماسکو: تصویر میں بچے کی طرح دکھائی دینے والے مرد کا نام ڈینس فاشورین ہے اور یہ روس کا باشندہ ہے۔ یہ 1987 میں پیدا ہوا تھا اور آج اس کی عمر 33 سال ہے۔
چند روز پہلے ایک روسی یوٹیوبر نے ڈینس کا انٹرویو کیا، جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئے۔ انسٹاگرام پر denvashurin125 کے نام سے ان کا اکاؤنٹ ہے جس کے فالوورز کی تعداد 4600 سے زیادہ ہے۔


انٹرویو کے دوران ڈینس نے بتایا کہ جب وہ بہت چھوٹے تھے، تب ہی سے ان کے والدین کو اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ اپنی اصل عمر کے مقابلے میں بہت چھوٹے دکھائی دیتے ہیں۔
اپنے قد کاٹھ اور چہرے مہرے سے وہ آج بھی اسکول میں پڑھنے والے بچے کی طرح لگتے ہیں۔ شاید اسی وجہ سے انہوں نے کسی شہر میں منتقل ہونے کے بجائے اپنے آبائی علاقے کراسنویارسک کے ایک قصبے میں رہنے ہی کو ترجیح دی۔


یہاں وہ اپنا وقت زیادہ آزادی اور بے فکری سے گزارتے ہیں، شکار کھیلتے، مچھلیاں پکڑتے اور اپنے گھر والوں کے ساتھ خوش رہتے ہیں۔
پختہ عمر میں آجانے کے باوجود وہ کیوں کسی بچے کی طرح نظر آتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ڈینس کا کہنا تھا کہ انہیں یہ جاننے میں کوئی دلچسپی نہیں، اسی لیے وہ آج تک کسی ڈاکٹر یا ماہر کے پاس یہ معلوم کرنے نہیں گئے۔
دُنیا بھر میں اپنی اصل عمر سے بہت چھوٹے دکھائی دینے والوں کی کوئی کمی نہیں لیکن ایسے افراد کی تعداد بہت کم ہے جو اچھے خاصے عمر دار ہوجانے کے باوجود بھی نابالغ بچے جیسے دکھائی دیں۔ ڈینس فاشورین بھی ان ہی میں سے ایک ہیں۔

DenisManMoscow