اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ ججز کی مکمل خودمختاری کے بغیر عوام کو انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔
عدالت عظمیٰ میں نئے عدالتی سال کی تقریب ہوئی، جس میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے ججز اور وکلاء شریک ہوئے۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز کی مکمل خودمختاری کے بغیر عوام کو انصاف کی مکمل فراہمی کا تحفظ ممکن نہیں، نظام انصاف میں ہمیں جس مقام پر ہونا چاہیے اس کے لیے طویل سفر باقی ہے، جب تک ججز آزاد، خودمختار اور بیرونی دباؤ سے آزاد نہیں ہوں گے تب تک انصاف ممکن نہیں، آئین اور قانون میں عدلیہ کی آزادی کو دبانے کی اجازت نہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ آئین کی بالادستی کے لیے سپریم کورٹ ہر ممکن اقدام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں چیف جسٹس بنا تو محسوس کیا پاکستانی عدالتی نظام میں زیر التواء مقدمات بہت زیادہ ہیں، فیصلوں میں تاخیر کا سبب غیر ضروری التواء ہے، میں نے عدالت میں زیر التواء مقدمات پر اہم فیصلے کیے۔