ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت کل ٹکرائیں گے

کولمبو: ایشیا کپ کے سب سے بڑے معرکے کا وقت آن پہنچا ہے، کل پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا دنیائے کرکٹ کو شدت سے انتظار ہے، دونوں ٹیموں میں سپر اسٹارز کی بھرمار ہے۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت جب بھی کرکٹ کے میدان میں مدمقابل آتے ہیں پوری دنیا کی نظریں اس پر جم جاتی ہیں۔ ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا کل ہونے جا رہا ہے، جس کا شائقین کرکٹ کو شدت سے انتظار ہے، لیکن یہ ٹاکرا اصل میں ہوگا کرکٹ سپراسٹارز کے درمیان مقابلہ۔
دنیا کی نمبر ون ٹیم پاکستان کے پاس ہے عالمی نمبر ایک بیٹر اور کپتان بابر اعظم جس کو ساتھ حاصل ہے مضبوط ٹاپ آرڈر امام الحق اور فخر زمان کا تو ساتھ ہی مدمقابل بھارت کے پاس روہت شرما، شبھمن گل اور ویرات کوہلی موجود ہیں، لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کا توڑ قومی ٹیم کے پاس ہے نسیم شاہ، محمد حارث اور شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان، جو کسی بھی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
محمد رضوان، آغا سلمان اور افتخار احمد مڈل آرڈر کے مضبوط ستون ہیں، بھارت کی بولنگ بھی کم نہیں۔ سراج، شامی اور بمراہ کی سوئنگ اور رفتار کر سکتی ہے قومی ٹیم کو مشکلات سے دوچار۔
بھارت کے پاس اگر جڈیجا اور پانڈیا ہیں تو گرین شرٹس رکھتے ہیں شاداب اور نواز جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں سے دکھا سکتے ہیں کمال اور جتوا سکتے ہیں میچ۔
دونوں ٹیمیں مضبوط ہیں مگر کل جو اپنے اوسان بحال رکھے گا اور بڑے میچ کا بڑا پریشر برداشت کرنے کے ساتھ میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھائے گا، فتح اسی کا مقدر بنے گی۔

 

Asia cupBig MatchPakistan vs IndiasaturdaySri lanka