پاکستان کی ایشیا کپ سے متعلق تجویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل

نئی دہلی: پاکستان کی ایشیا کپ 2023 دو ممالک میں کرانے کی تجویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد پر تحفظات ہیں۔
بھارتی بورڈ آفیشل کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل ایشیا کپ کے دو ممالک میں انعقاد پر غور نہیں کرے گی، دو ممالک میں ایونٹ کا انعقاد مالی طور پر ممکن نہیں، ایسا کرنے سے بجٹ بڑھ جائے گا، اے سی سی زیادہ بجٹ کی منظوری نہیں دے گی۔
بھارتی بورڈ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ اگر اے سی سی کہتی ہے کہ بجٹ بڑھ جائے گا تو پھر پاکستان اپنے میچز اپنے ملک میں کیسے کھیل سکتا ہے، بھارتی بورڈ کے خیال میں ایشیا کپ کا میزبان پاکستان مکمل ایونٹ کرانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔
بھارتی بورڈ کے آفیشل نے کہا کہ کرکٹ بورڈ پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر قائم ہے، ایشیا کپ کا انعقاد یو اے ای یا قطر میں ہونا ہے، پاکستان کو بھی اپنے میچز ان دو ممالک میں سے ایک میں کھیلنا پڑیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ کے دو ممالک میں انعقاد کے فارمولے پر بات چیت کی جارہی ہے، پاکستان نے دو ممالک میں ایشیا کپ کرانے کی تجویز دی، بھارت کے میچز پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک میں کھیلنے کی تجویز ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی سی سی نے ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز بھارت کے علاوہ کسی اور ملک میں کرانے سے انکار کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے کہا کہ یہ ایک مضحکہ خیز تجویز ہے کہ پاکستان اگر سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچتا ہے تو ورلڈکپ کے وینیوز کبھی تبدیل نہیں ہوں گے۔
دھیان رہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز بنگلادیش میں کرانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

Asia cupIndian cricket boardPakistani ProposalTwo venues