اسلام آباد: وفاقی ادارۂ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران دودھ اور دالوں سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اگست کے آخری ہفتے مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا اور مہنگائی کی شرح 9.47 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جب کہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، پیاز، دال چنا، دال مونگ، گُڑ، آلو، تازہ دودھ و دہی، لہسن، مرغی، انڈے اور ایل پی جی سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں چینی 87 پیسے فی کلو مزید سستی ہوئی، اس کے علاوہ کیلے ، دال مسور، دال ماش، گندم، آٹا اور چاول کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مٹن، بیف، خشک دودھ، ملبوسات، چائے، پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، بجلی اور گیس کے نرخ برقرار رہے۔