اسپیکر قومی اسمبلی کا شہباز شریف سے ایک اور رابطہ

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ایک اور رابطہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے، جس میں اپوزیشن لیڈر سے انتخابی اصلاحات بل سمیت دیگر اہم قوانین پر اتفاق رائے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے خط میں اپوزیشن لیڈر کو یقین دہانی کرائی کہ اسپیکر آفس اس ضمن میں حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے لیے مکمل سہولت فراہم کرے گا، قائد حزب اختلاف اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی اس پر دوبارہ سے بات چیت کرے، انتخابی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے، لیکن سینیٹ سے منظور نہیں ہوا، حکومت نے اس بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاہتے ہیں کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی بل پر دوبارہ سے بات چیت کرے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قانون سازی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی تھی، جو اپنی سفارشات دینے میں ناکام رہی، سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر الیکشن ترمیمی بل کے معاملے میں ہمیں اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، شہباز شریف اس حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، اسپیکر آفس حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

Asad QaiserLetter to Opposition LeaderMian Shahbaz SharifSpeaker National Assembly