آریان خان جیل منتقل، قیدی نمبر الاٹ، والدین سے ویڈیو کال پر گفتگو

ممبئی: بولی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت نہ ہوسکی جس کے بعد انہیں جیل منتقل کردیا گیا۔
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گزشتہ روز بھی ضمانت نہ ہوسکی۔ ممبئی کروز ڈرگز کیس میں عدالت نے دلائل سننے کے بعد آریان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جس کے بعد آریان خان کو ممبئی کی سینٹرل جیل جسے آرتھر روڈ جیل بھی کہا جاتا ہے، منتقل کردیا گیا ہے، جہاں وہ 20 اکتوبر تک یعنی مزید 6 دن رہیں گے۔

جیل ذرائع کے مطابق آریان خان جیل میں پریشان، تناؤ اور بے آرامی کا شکار نظر آتے ہیں۔ ممبئی کروز ڈرگز کیس کے تمام ملزمان کو سیکیورٹی خدشات کی وجوہ کی بنا پر دوسرے قیدیوں سے الگ بیرک میں رکھا گیا ہے۔
کووڈ پروٹوکول کے مطابق ڈرگز کیس کے تمام ملزمان کو بدھ تک قرنطینہ سیل میں رکھا گیا تھا، لیکن اب ان کا قرنطینہ کا وقت ختم ہوچکا اور آریان سمیت تمام ملزمان کے کووڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں عام بیرکوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ جیل منتقلی کے بعد جمعرات کو آریان خان کو قیدی نمبر ’’N956‘‘ الاٹ کردیا گیا ہے۔
جیل کے اندرونی ذرائع کے مطابق آریان خان جیل کا عام کھانا کھارہے ہیں لیکن اسے پسند نہیں کررہے تاہم انہیں باہرکا کھانا کھانے کی اجازت نہیں۔
اس کے علاوہ آرتھر جیل روڈ کی انتظامیہ کو آریان کی فیملی کی جانب سے ساڑھے 4 ہزار روپے کا منی آرڈر موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔ یہ پیسے آریان کے کینٹین کے اخراجات کے لیے ہیں۔ جیل قوانین کے مطابق ایک قیدی کے لیے ایک ماہ میں صرف ساڑھے چار ہزار روپے کے منی آرڈر کی ہی اجازت ہے۔

بعدازاں آریان کی والدین شاہ رخ خان اور گوری خان سے ویڈیو کال پر بات کرائی گئی ہے، جس میں آریان خان کے پھوٹ پھوٹ کے رونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔