اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کو بینک گارنٹی اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے طبی بنیادوں پر ان کی ضمانت منظور کرلی۔
سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے انور مجید کو دس لاکھ روپے کی گارنٹی رجسٹرار آفس میں جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی۔
عدالت عظمیٰ نے انور مجید کا نام ای سی ایل میں شامل رکھنے اور پاسپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرنے کا حکم بھی دیا۔ معزز عدالت نے انور مجید کو نیب حکام سے تفتیش میں تعاون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدم تعاون پر انور مجید کی ضمانت خارج کردی جائے گی۔
نیب پراسیکیوٹر عمران الحق نے معزز عدالت کو بتایا کہ انور مجید پہلے دن سے ہی اسپتال میں ہیں اور آج تک نیب میں پیش نہیں ہوئے، انور مجید کے عدم تعاون کی وجہ سے 15 تحقیقات اور چار ریفرنسز التواء کا شکار ہیں۔
جسٹس مشیر عالم نے کہا انور مجید تحقیقات میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور نیب سے دوران تفتیش تعاون کریں۔
جسٹس قاضی محمد امین نے کہا انور مجید کو شدید نوعیت کا عارضہ قلب ہے، علاج کرانا ان کا بنیادی حق ہے تاہم انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔