حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کی پلی بارگین کی درخواست احتساب عدالت نے منظور کرلی۔
عدالت نے مخدوم جلیل الزماں کی ڈیڑھ کروڑ روپے کرپشن کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کو رہا کردیا۔
مخدوم جلیل الزماں نے نیب کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا پے آرڈر جمع کرادیا۔
سابق تعلقہ ناظم مخدوم جلیل الزماں اب 10 سال تک الیکشن لڑنے اور پبلک آفس میں عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ نیب نے مخدوم جلیل الزماں کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس پر انہوں نے پلی بارگین کی درخواست کی تھی۔
ہالا کے سابق ناظم مخدوم جلیل الزماں پر کرپشن میں ملوث ایک سابق اکاؤنٹ افسر سے پیسے لینے کے الزامات ہیں۔
نیب تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مشتاق شیخ نے 2015 میں ڈیفنس کراچی میں مخدوم جلیل الزماں کے برادر نسبتی کے نام پر خریدے گئے فلیٹ کی مد میں 75 لاکھ روپے ادا کیے۔