افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا عمل 95 فیصد مکمل

واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہوگیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہوچکا۔ 984 سی 17 طیاروں کے ذریعے ضروری سامان افغانستان سے نکال لیا گیا، افغانستان میں قائم 7 فوجی اڈے بھی افغان وزارت دفاع کے حوالے کردیے گئے ہیں۔
امریکا کے افغانستان سے انخلا کے سبب اشرف غنی حکومت شدید دباؤ میں ہے، طالبان کے بڑھتے حملے اور مختلف علاقوں میں قبضے کی اطلاعات سے افغان شہریوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں، طالبان کی ایسی کارروائیاں ان کے خلاف نفرت میں اضافہ کررہی ہیں۔ دولت آباد میں ہتھیار ڈالنے والے افغان کمانڈوز کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد افغان شہری نے طالبان کو کہا کہ تم کیسے افغان ہو جو اپنے ہی لوگوں کو مارتے ہو۔
دوسری جانب امریکی انخلا کے بعد چین اور بھارت نے بھی اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکال لیا ہے۔ روس، چین، ایران اور پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہوجائے، اس حوالے سے افغان دھڑوں کو ایک پیج پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ مذاکرات کے مختلف ادوار کے باوجود فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

95% completeAfghanistanAmericaAmerican central commandamerican witAmerican withdraw