واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں پولنگ کے دو دن بعد بھی نتائج مکمل نہ ہوسکے۔ امریکا کی طرح دُنیا بھر میں ان نتائج کا شدت سے انتظار جاری ہے۔
صدارتی انتخابات کے نتائج غیر معمولی طور پر التوا کا شکار ہیں، پانسہ پلٹنے والی ریاست پنسلوانیا، نیواڈا اور جارجیا میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی پوزیشن مزید بہتر ہوگئی۔
انتخابات کے 2 روز گزرنے کے بعد بھی پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں پوسٹل بیلٹ مسلسل موصول ہونے کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور نتیجہ نہیں دیا جاسکا۔
اب تک کے نتائج میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی پوزیشن نسبتاً مضبوط ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ دوسری بار منتخب ہوسکیں گے یا وائٹ ہاؤس جوبائیڈن کا مقدر بنے گا۔
نیواڈا، جارجیا، پنسلوانیا، شمالی کیرولینا کے نتائج ہی فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
ایڈیسن ریسرچ کے مطابق ایری زونا میں 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے جہاں جوبائیڈن 50.1 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جب کہ پنسلوانیا میں94 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کےبعد ٹرمپ 49.6 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں۔
ریسرچ کے مطابق جارجیا میں 99 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہے جہاں جوبائیڈن اور ٹرمپ کے ووٹ برابر ہیں۔
امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کو واضح برتری حاصل ہے اور وہ صدارتی کرسی تک پہنچنے کے لیے درکار 270 میں سے 264 ووٹ لے چکے جب کہ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نےانتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں اور کہا ہے کہ ان کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں جو اعلیٰ عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔