بغداد: عراق میں امریکی فضائی اڈے کو نامعلوم مقام سے 3 میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں غیر ملکی سول کنٹریکٹر ہلاک اور امریکی فوجی سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے شمال میں نیم خودمختار علاقے کردستان کے شہر اربیل میں امریکی فضائی اڈے پر میزائل حملہ کیا گیا۔ ایک میزائل فوجی اڈے سے ٹکرایا جب کہ دو قریب ہی موجود فوجیوں کی رہائشی عمارتوں پر گرے۔
امریکی اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں ایک سول کنٹریکٹر ہلاک جب کہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک امریکی فوجی بھی شامل ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت اور شہریت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
امریکی فوجی اڈے پر حملے کی ذمے داری شیعہ گروپ ’’سرایا اولیاء الدم‘‘ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ملک کے کسی بھی ایک حصے میں ہمارے حملوں سے محفوظ نہیں رہیں گے۔ ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔
دوسری جانب امریکی اتحادی فوج اورعراقی حکام کا کہنا ہے کہ سرایا اولیاء الدم ایک چھوٹا گروپ ہے، جس کے پیچھے ایران کی حمایت یافتہ دو گروہ ’’كتائب حزب الله‘‘ اور ’’عصائب أہل الحق‘‘ ہیں۔
خیال رہے کہ بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے عراق میں امریکی سفارت خانوں، تنصیبات اور فوجیوں پر حملے میں اضافہ ہوا ہے۔