واشنگٹن: ایران کے تمام مالیاتی شعبوں کو امریکا نے بلیک لسٹ کردیا، جس سے مشکلات کی شکار ایرانی معیشت کو مزید دھچکا پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے پہلے سے کڑی اقتصادی پابندیوں سے مشکلات سے دوچار ایرانی معیشت کو مزید مصائب میں دھکیلتے ہوئے ایران کے 18 بینکوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے جو اب تک امریکی پابندیوں سے محفوظ تھے۔
امریکا کی جانب سے ایران کے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو صرف بلیک لسٹ ہی نہیں کیا گیا بلکہ ان کے ساتھ کام جاری رکھنے والے غیر ملکی اور غیر ایرانی مالیاتی اداروں پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام امریکی ڈالر تک ایران کی غیر قانونی رسائی کو روکنے کے لیے ہے، ایران کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران اپنا جوہری پروگرام بند کرکے دہشت گردی کی سرگرمیوں کی حمایت بند نہیں کرتا۔
خیال رہے کہ امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد سے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں اور رواں برس دونوں کے درمیان تناؤ بڑھا ہے۔