کراچی: آل پاکستان ہندو پنچایت کے سیکریٹری جنرل روی داوانی نے کہا ہے کہ 400 ہندو خاندانوں کی بھارت ہجرت کی جھوٹی خبر 3 اپریل 2025 کو اُردو کے ایک بڑے اور موقر روزنامے میں شائع ہوئی، آل پاکستان ہندو پنچایت کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے میں اخبار میں شائع شدہ جھوٹی، گمراہ کن اور غیر ذمے دارانہ خبر کی پرزور مذمت کرتا ہوں، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جیکب آباد سے 400 ہندو خاندان عید کی چھٹیوں میں بھارت ہجرت کرگئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس من گھڑت خبر کی کوئی بنیاد نہیں اور یہ پاکستان میں امن سے رہنے والی ہندو برادری میں خوف و ہراس پھیلانے کے مذموم ارادے سے شائع کی گئی ہے۔ درحقیقت ایسی کوئی ہجرت نہیں ہوئی۔ جیکب آباد اور پورے پاکستان میں بسنے والے ہندو خاندان اپنے وطن کے ساتھ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں اور فخر، وقار اور حفاظت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
روی داوانی کا کہنا تھا کہ ہم اس مٹی کے بیٹے ہیں۔ پاکستان مادر وطن ہے اور ہم ہر حال میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم یہیں پیدا ہوئے اور یہیں رہیں گے۔ ایسی جعلی خبریں صرف پاکستان کے امیج کو خراب کرنے اور عالمی میڈیا اور عالمی برادری کو زمینی حقائق سے متعلق گمراہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم مذکورہ روزنامے کے پبلشرز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بے بنیاد رپورٹنگ پر فوری عوام سے معافی مانگیں۔ اگر ایسا فوری طور پر نہ کیا گیا تو ہم انصاف اور اپنی برادری کے وقار کے تحفظ کے لیے عدلیہ سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس خبر نے نہ صرف پاکستان کے معصوم شہریوں میں غیر ضروری بے چینی پیدا کی ہے، بلکہ عالمی برادری کو بھی سراسر غلط پیغام دیا ہے، ظلم و ستم کی ایسی غلط تصویر پیش کی ہے جو حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی۔ ہم پاکستان میں اپنی متنوع برادریوں کے درمیان موجود اتحاد، امن اور باہمی احترام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ ہم متحد ہیں اور ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔