اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پر انڈوں سے حملہ، 2 لڑکیاں گرفتار

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران انڈے پھینکے گئے، جس سے سیاسی ماحول میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان آج اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کررہی تھیں کہ اسی دوران دو انڈے ان کی جانب پھینکے گئے، جن میں سے ایک انڈا انہیں آ لگا۔ واقعے کے فوری بعد موقع پر موجود پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے لگانے شروع کردیے، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع سے دو لڑکیوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کردیا۔
اس واقعے سے قبل بھی علیمہ خان سے بعض صحافیوں کی جانب سے تلخ سوالات پوچھے گئے، جس پر پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہوگئے۔ پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر نے صحافیوں سے الجھاؤ کے دوران شدید ردعمل کا اظہار کیا جب کہ علیمہ خان سوالات کا جواب دیے بغیر اپنی گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے روانہ ہوگئیں۔
بعدازاں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہوا بدلی ہے، لوگ ظلم کے خلاف کھڑے ہوچکے ہیں۔ عوام کا غصہ اور حکمرانوں کا خوف سب کے سامنے ہے۔ پولیس والے خود کہہ رہے ہیں کہ ہم تنگ پڑگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے 8 فروری کو بھی اپنا مؤقف واضح کیا تھا اور آج بھی وہ اپنے اصولوں پر قائم ہیں۔ عمران خان جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں، مگر موجودہ حکمران ان کی آواز دبانے کی کوشش کررہے ہیں۔

2 girls arrestedAleema Khanattacked with eggsOutside Adiala Jail