اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد پر پاکستان کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز افغان سفارت خانے نے اطلاع دی کہ افغان سفیر کی بیٹی پر کارمیں سوار ہوتے وقت حملہ کیا گیا، واقعے کی اطلاع پر فوری اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ اور سیکیورٹی حکام سفیر اور ان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، وزارت خارجہ اور سیکیورٹی حکام اس معاملے میں مکمل تعاون فراہم کررہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان کا سراغ لگانے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کررہے ہیں، افغان سفیر اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، سفارت کاروں، ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی کے لیے پرعزم ہیں۔