کراچی: پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ اور ماڈل زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ وزن کم ہو یا زیادہ، اگر آپ خوش ہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اداکارہ زارا نور عباس کی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں باڈی شیمنگ کے حوالے سے ہدف تنقید بنائی گئی خاتون کا پیغام پڑھتے اور بعدازاں باڈی شیمنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
زارا نور کا کہنا ہے کہ پوری دنیا اس وقت باڈی شیمنگ سے انکار کررہی ہے، اگر آپ موٹے ہیں پتلے یا پھر کالے، آپ کو اللہ نے بنایا ہے، اللہ نے آپ کو ویسا ہی بنایا ہے جیسے آپ ہیں کیوں کہ اللہ نے آپ کو ایسا ہی بنانا تھا۔
زارا نور کا کہنا تھا کہ اگر آپ خوش ہیں تو وزن زیادہ ہو یا کم کوئی فرق نہیں پڑتا، دنیا کے امیر و کبیر لوگ ایسے بھی جن کے پاس ذہنی سکون نہیں۔
خواتین کو پیغام دیتے ہوئے زارا کا کہنا تھا کہ اگر آپ وزن کی وجہ سے ناخوش اور فکرمند ہیں تو ہرگز نہ ہوں کیوں کہ میں بھی نہیں ہوتی۔
خیال رہے کہ زارا نور عباس کا تعلق شوبز سے تعلق رکھنے والے گھرانے سے ہیں، ان کی خالہ بشریٰ انصاری کا شمار لیجنڈ فنکاروں میں ہوتا ہے جب کہ ان کی والدہ اور دوسری خالہ بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی رہی ہیں۔ ان کے شوہر اسد صدیقی بھی ڈراموں کے مقبول اداکار ہیں۔