پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں یادگار کردار نبھانے والی خوبصورت اداکارہ و ماڈل اور گلوکارہ ژالے سرحدی نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے شوبزنس کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان کے مقبول ترین پروگرام بزم طلبہ سے کیا کئی ماہ تک اس پروگرام میں آواز کا جادو جگاتی رہی، پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کے لیے اداکاری شروع کی۔
لیکن کبھی سوچا نہیں تھا کہ فل ٹائم یہ کام کروں گی اداکاری کو ہمیشہ سنجیدہ کام سمجھا فلم جلیبی میں آئٹم سونگ بھی کیا لیکن اس میں بھی پاکستانی کلچر کے مطابق کپڑے زیب تن کیے ۔ایسے کرداروں کا انتخاب کرتی ہوں جس میں ایکٹنگ کا مارجن زیادہ ہو ایسا کام اچھا نہیں لگتا جس میں صرف بالوں کے منفرد انداز اور اعلیٰ میک اپ کی تعریف کی جائے۔ با صلاحیت فن کارہ ژالے سرحدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اپنی شخصیت سے مختلف کردار ادا کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے۔ بالی وڈ اور بالی وڈ کی سپر اسٹارز سے میری شکل ملائی جاتی ہے کہا جاتا ہے میں پریانکا چوپڑا اورڈمپل کپاڈیا کی ہم شکل ہوں۔
میں ان باتوں پر زیادہ دھیان نہیں دیتی اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر شوبزنس میں آگے بڑھ رہی ہوں باوجود اس کے کہ میرے دادا اور چچا نے شوبزنس انڈسٹری میں بہت نام بنایا۔ میں نے فلم رام چند پاکستانی میں بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ نندیتا داس کے ساتھ کام کیا لیکن میں نے آج تک یہ فلم نہیں دیکھی۔ اس فلم میں میرے کردار کو کافی کاٹ دیا گیا تھا۔ اس کے بعد فلم جلیبی میں کام کیا بعد ازاں پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والی فلم چلے تھے ساتھ۔ میں کام کیا۔
یہ میرے دوستوں کی فلم تھی، اس لیے اس فلم میں کام کرکے زیادہ مزہ آیا۔ فلموں کے ساتھ درجنوں ڈراموں میں کام کیا۔ ڈراما سیریل اڑان میرا پسندیدہ ڈراما ہے میرے دیگر ڈرامے میں میرے بے وفا، وراثت، قسمت کا لکھا، نیلم اور عکس اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔