خواتین اور بچیوں کو اپنی حفاظت کے لیے جوڈو کراٹے سیکھنے چاہئیں، ثناء

کراچی: پچھلے کچھ دنوں سے ملک کے مختلف حصوں میں خواتین کے ساتھ انتہائی انسانیت سوز واقعات رونما ہورہے ہیں۔ اس پر اپنے ردعمل میں سینئر اداکارہ ثناء فخر کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچیوں کو اپنی حفاظت کے لیے جوڈو کراٹے سیکھنے چاہئیں، حالات جس نہج پر پہنچ گئے ہیں، ہمیں بطور معاشرہ سوچ بچار کرکے اس کی اصلاح کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔
ثناء فخر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ والدین اپنی بچیوں کو اپنے دفاع سے متعلق بتائیں، اسی طرح خواتین بھی چوکنا رہیں اور معاشرے میں جس طرح کے واقعات رونما ہورہے ہیں، ان کا جائزہ لیں اور دفاعی حکمت عملی مرتب کریں۔ میری تجویز ہے کہ خواتین اور بچیوں کو اپنی حفاظت کے لیے جوڈو کراٹے سیکھنے چاہئیں اور اس کی روزانہ مشق کی جائے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ سخت قوانین بنائے اوران پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، اگر اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں پولیس کی جانب سے کوتاہی برتی جاتی ہے تو اس کی کم سے کم سزا نوکری سے برخاست کرنا ہونی چاہیے۔

Actress Sana Fakharfemale protectionjudo karate