کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی سینئر اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ اگر میری شادی کسی اچھی جگہ ہوجاتی تو میں شوبز کو کافی پہلے ہی چھوڑ چکی ہوتی۔
اداکارہ ریشم نے حال میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ آج کل لوگوں میں برداشت ختم ہوگئی ہے، اسی وجہ سے طلاق کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، میاں بیوی کا رشتہ برداشت سے ہی چلتا ہے، کہیں پر بیوی کو برداشت کرنا چاہیے اور کہیں پر شوہر کو بھی برداشت کرنا چاہیے کیونکہ بیوی پورے گھر کو سنبھالتی ہے۔
ریشم نے کہا ہمارے مذہب میں میاں بیوی کے رشتے کو بہت اہمیت حاصل ہے، میرے رب کو میاں بیوی کا رشتہ سب سے زیادہ پسند ہے اور سب سے کمزور آج کے دور میں یہی رشتہ ہے۔
اداکارہ ریشم نے کہا کہ شوبز میں شادیاں ٹوٹنے پر مجھے بہت دکھ ہوتا ہے، میں شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق کی اضافی شرح دیکھ کر ڈر گئی ہوں لیکن میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ میرا نصیب ایسے انسان کے ساتھ جوڑے جو اس رشتے کو نبھاسکے۔
ریشم کے مطابق وہ انڈسٹری میں کسی سے شادی نہیں کریں گی، انڈسٹری سے باہر شادی کریں گی کیونکہ شوبز انڈسٹری میں شادیاں زیادہ وقت کے لیے نہیں چلتیں، ان کی مدت ڈیڑھ سے دو سال سے زیادہ نہیں ہوتی۔
ریشم نے دوران گفتگو کہا شوبز میں 7 سے 8 شادیاں ختم ہوئیں جن کا بہت افسوس ہے، سجل علی کی شادی ختم ہوئی جس کا مجھے دکھ ہے، مجھے سجل علی بے حد پسند ہے، ان کے ساتھ کام کیا ہے، عمران اشرف کی شادی بھی ختم نہیں ہونی چاہیے تھی، میں ان سے اور ان کی سابق اہلیہ کرن اشفاق سے مل چکی ہوں اور وہ دونوں بہت اچھے لگ رہے تھے، دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں، ان کی طلاق کی خبر سے بہت دکھ ہوا۔
ریشم نے یہ بھی کہا کہ اگر میری اچھی جگہ شادی ہوجاتی تو میں شوبز بہت پہلے چھوڑ چکی ہوتی، میرا شوہر مجھے کماکر لاکر دیتا، اچھا کھلاتا لیکن مجھے شوہر نہیں ملا کیونکہ شادیاں ہورہی ہیں لیکن ہونے کے بعد ٹوٹ جاتی ہیں۔
ریشم نے کہا کہ وہ اب بھی شادی کرنے کا سوچ رہی ہیں لیکن اس رشتے کو نبھانے والا ابھی تک انہیں کوئی نہیں ملا۔