کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ رضوانہ جیسے واقعات اکثر بااثر اور پڑھے لکھے گھرانوں میں ہوتے ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پرجاری ویڈیو بیان میں کہا کہ رضوانہ جیسے واقعات میں ملوث بااثر لوگ جانتے ہیں کہ انہیں آسانی سے ضمانت مل جائے گی۔ کوئی احتساب نہیں ہوگا۔ بچوں سے کام کروانا غیرقانونی، غلط اور غیر اخلاقی ہے۔
ماہرہ نے کہا کہ خدا کے لیے، ان بچوں اور ملک کے مستقبل کے لیے یہ بات سمجھیں اور اسے روکیں۔ میرا یہ پیغام ان ماں باپ کے لیے نہیں ہے جو مجبوری کی وجہ سے اپنے بچوں کو کام پر بھیجتے ہیں۔ کوئی ماں، کوئی باپ یہ نہیں چاہے گا کہ جس عمر میں اس کے بچے کو پڑھنا لکھنا اور کھیلنا چاہیے وہ اس سے کام کروائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں معاشرے کے خوشحال طبقے سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان بچوں کے لیے آواز اٹھائیں اور قانون سازوں پر زور دیں کہ وہ تمام ضرورت مندوں بچوں کے لیے ایسے اقدامات کریں کہ انہیں کام نہ کرنا پڑے۔ یہ آپ کی، میری اور ہم سب کی ذمے داری ہے۔