پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسلحہ لہرانے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاوؑس کے باہر سرعام اسلحہ لہرانے والے مسلح شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر فلمی انداز میں سڑک پر گھومنے والے مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیا، ملزم سہیل سے پسٹل برآمد کی گئی ہے اور اسے مزید تفتیش کے لیے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک شخص پارلیمنٹ ہاؤس کے عین سامنے دونوں ہاتھوں میں پستول تھامے چلا جارہا ہے اور ساتھ ہی کچھ الفاظ بھی دہرارہا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اس سے پہلے ڈی چوک کے پاس اسلحے کے زور پر گاڑیاں روکتا رہا۔
خیال رہے کہ آٹھ سال قبل بھی اسی نوع کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں سکندر نامی شخص نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ اسلحے کے زور پر جناح ایونیو کو کئی گھنٹے یرغمال بنائے رکھا تھا۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان کی مدد سے سیکیورٹی اہلکار نے سکندر پر قابو پالیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ایونیو فائرنگ کیس میں مجرم سکندر کو 16 سال قید اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا رکھی ہے جب کہ سکندر کی اہلیہ کو باعزت بری کیا جاچکا ہے۔

اسلحہ بردار ملزمپارلیمنٹ ہاؤسگرفتار