ابرار الحق کا نیا گانا توجہ کا مرکز کیوں بنا؟

لاہور: معروف گلوکار ابرارالحق کا نیا گانا ‘بیگم شک کرتی ہے’ دلچسپ ہونے کے باعث ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
کسی زمانے میں بلو دے گھر، پریتومیرے نال ویاہ کرلے، نچ پنجابن جیسے ہٹ گانے بنانے والے ابرار جانتے ہیں کہ مقابلہ بازی کے اس بڑھتے رجحان میں ایک بار پھراپنا پرانا جادو کیسے جگانا چاہیے۔
حالیہ کمپوزیشن میں گلوکار نے مرکزی خیال بچوں کی اسی مشہور زمانہ نظم سے لیا جو بقول ان کے خیال میں بچے بگاڑ رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کو بخوبی یاد ہوگا کہ 2 ماہ قبل ابرار الحق نے پاکستان تحریک انصاف کی 3 سالہ کارکردگی کے موقع پرمنعقدہ تقریب میں بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزا کہا تھا کہ ‘جب ہم بچے تھے تو ہمیں اپنی ماؤں سے کلمہ سننے کو ملتا تھا لیکن آج کے بچے کو ماں فون دے دیتی ہے اور اس پر لگا ہوتا ہے ‘بے بی شارک ڈو ڈو ڈوڈو’۔
اس بیان کے بعد ابرارالحق کو خاصی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
لیکن نیا گانا ظاہرکرتا ہے کہ دوسروں کو نصیحت کرنے والے ابرار خود بچوں کے لیے یوٹیوب پردنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اس نظم کےسحر سے محفوظ نہ رہ سکے، یا شاید انہیں یہ خیال بعد میں آیا کہ بجائے تنقید کے ‘بے بی شارک’ کو اپنے فائدے کے لیے بھی تو استعمال کیا جاسکتا تھا۔


ابرارالحق کا بے بی شارک ورژن پاکستان میں بیگمات کے ظلم کا شکار ’مظلوم شوہروں’ کے نام ہے جو آغاز میں ہی آپ کو سمجھادیتا ہے کہ مرکزی خیال کہاں سے لیا گیا ہے۔ میوزک ویڈیو میں صبا قمر نے جاسوسی کے تمام تر تقاضے پورے کرتے ہوئے شکی بیگم کا کردار خوب نبھایا۔
موبائل فون جھپٹ کر میسجز چیک کرنے، عدسے کی مدد سے کوٹ پر کسی دوسری خاتون کا بال ڈھونڈنے سے لے کر ڈرون سے جاسوسی اور پھر مبینہ بے وفائی پر بجلی کے جھٹکے دینے تک ابرارالحق کا یہ ‘نایاب خیال’ آپ کو بوریت کا شکار نہیں ہونے دیتا۔
گانے کے اختتام پر ‘مشرقی شوہر’ کی وفاداری اور بیگم کی تابعداری دکھائی گئی ہے جس کے بعد سب شیروشکر ہیں۔
گلوکاری کے ساتھ سیاسی میدان میں بھی قدم رکھنے والے ابرار الحق مخالفین کو یہاں بھی نہیں بھولے، میوزک ویڈیو سے صاف ظاہر ہے کہ گانے کے بولوں میں ‘تنظیم سازی’ کا لفظ خاص طور پر لیگی رہنما طلال چوہدری کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
بہت ‘زیادہ شادی شدہ حضرات‘ کے نام کیے جانے والے گانے ‘بیگم شک کرتی ہے’ کو ابرارالحق نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے جب کہ ڈائریکشن ماریہ راجپوت کی ہیں۔

Abrar ul haqBegum Shak karti haiNew songsinger