آنکھوں کے ڈیلے رنگوانے والی خاتون کے نابینا ہونے کا اندیشہ

شمالی آئرلینڈ: گھر والوں اور ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود اپنی آنکھوں کے سفید حصے پر رنگ کروانے کے جنون میں مبتلا خاتون اب مکمل طور پر اندھے پن کی جانب گامزن ہے۔
32 سالہ انایا پیٹرسن جو شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھتی ہیں، انہوں نے ایک ماڈل سے متاثر ہوکر اپنی آنکھوں کو رنگوانے کا ارادہ کیا۔ انہوں نے ایک آنکھ کو آسمانی اور دوسری کو گلابی رنگ میں رنگوایا اور اس کے تین ہفتے بعد آنکھوں میں سوجن اور بینائی متاثر ہونے لگی۔ یہاں تک کہ وہ مکمل نابینا ہوسکتی ہیں، کیونکہ اب وہ چند فٹ کے فاصلے سے بھی چہرے کے خدوخال پہچان نہیں سکتیں۔
اس سے قبل بھی وہ اپنے جسم میں بہت سے ٹیٹو گدوا چکی ہیں اور زبان کی نوک کاٹ کر دوشاخہ بناچکی ہیں۔ آخری مرتبہ انہوں ںے آنکھوں کو رنگین کروایا، جس پر انہیں افسوس ہے۔
بیٹی نے کئی بار منع کیا تھا کہ اس سے آنکھوں کو نقصان ہوسکتا ہے اور آپ اندھی بھی ہوسکتی ہیں، انایا نے کہا۔ تاہم انہوں نے تاسف سے بتایا کہ کاش وہ اپنی بیٹی کی بات مان لیتیں۔
انہوں نے جولائی 2020 میں پہلے دائیں آنکھ کو نیلا کروایا تو دردِ سر اور آنکھ میں خشکی کے آثار کے علاوہ کوئی اور تکلیف سامنے نہیں آئی۔ پھر اسی سال دسمبر میں بائیں آنکھ میں گلابی رنگ پھیردیا۔ پھر اگست 2021 میں ان کی آنکھوں میں غیر معمولی سوجن پیدا ہوئی اور اب ان کی آنکھ میں موتیا بھی پیدا ہوگیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کی بصارت تیزی سے کم ہورہی ہے۔

blindnessDyes eyesNorth Ireland