یونیورسٹی امتحان میں خاتون رکن پارلیمنٹ نقل کرتے پکڑی گئیں

قاہرہ: خاتون رکن پارلیمنٹ یونیورسٹی کے امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مصری پارلیمنٹ کی رکن الوفد پارٹی سے تعلق رکھنے والی نشوۃ رائف کو جنوب الوادی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لا کے تیسرے سال کا امتحان میں مبینہ طور پر نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
مصری پارلیمنٹ کے اسپیکر حنفی جبالی نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کا امتحان میں مبینہ طور پر نقل کرنے کا معاملہ اخلاقیات کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ الزام ثابت ہوا تو خاتون رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
نشوۃ رائف کی الوفد پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ نقل سے متعلق کمیٹی کی تحقیقات اور رپورٹ پر منحصر ہے۔
جنوب الوادی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یونیورسٹی کی خاتون ایگزامنر نے ایک طالبہ کو ایئر فون کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ طالبہ نے ایئر فون ایگزامنر کے حوالے کرنے سے انکار کیا۔ بعد میں پتا چلا کہ طالبہ رکن پارلیمنٹ ہیں، جنہیں امتحان دینے سے روک دیا گیا۔
رکن پارلیمنٹ نشوۃ رائف نے امتحان دینے سے روکنے پر یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔

 

Caught Cheating in ExamEgyptWoman Member Parliament