کراچی: جمعہ کو پاکستان سمیت دُنیا بھر میں انڈوں کا عالمی دن منایا جائے گا۔ یہ زمانہ قدیم سے انسان کی مرغوب غذا ہے، اس کی غذائیت اور لذت کے باعث ہر عمر کے لوگ اسے شوق سے کھاتے ہیں۔
سردی ہو یا گرمی، انڈا ہر موسم میں صحت کا خزانہ قرار پاتا ہے، انڈا پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ناصرف جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے ضروری ہے بلکہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بچے ہوں یا بوڑھے، خواتین ہو یا نوجوان انڈے کھانا پسند کرتے ہیں اور پہلوانی کے شوقین تو انڈا کچا بھی پیتے ہیں۔
انڈے کی افادیت اور ضرورت کے پیش نظر شہریوں میں آگہی کے لیے 1996 میں انٹرنیشنل ایگ کمیشن ویانا کے تحت ہر برس اکتوبر کے دوسرے جمعہ کو انڈے کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا، تب سے یہ دن ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔
کراچی یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ فزیالوجی بی ایس پولٹری سائنس کے تحت انڈوں کے عالمی دن کی مناسبت سے بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر سیمینار آپ کے علم میں اضافے کے لیے انڈے کی اقتصادی اور غذائی اقدار کے موضوع پر منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں انڈے سے بنے کھانوں، انڈے سے تیار پینٹنگ، انڈے سے متعلق پوسٹر مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر گولڈن ایگ ایوارڈ اور نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔