ممبئی: عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کا کہنا ہے کہ بولی وُڈ میں ایک بڑا گینگ ان کے خلاف کام کررہا ہے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان کے کمپوز کردہ گانے شہرت کی بلندیوں پر پہنچتے ہیں اور فلم ہدایت کار و پروڈیوسرز چاہتے ہیں کہ اے آر رحمان ان کی فلموں کے گانے کمپوز کریں۔
اے آر رحمان نے ایک پروگرام کے دوران انکشاف کیا کہ وہ بولی وُڈ میں کم کام اس لیے کررہے ہیں کیونکہ کچھ افواہوں اور غلط فہمیوں کی وجہ سے بولی وُڈ میں ایک بڑا گینگ ان کے خلاف کام کررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بولی وُڈ میں کم اور تامل فلموں میں وہ زیادہ کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک فلم کے ہدایت کار ان کے پاس آئے جنہیں انہوں نے 2 دن میں 4 گانے بنا کردیے، لیکن انہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے اے آر رحمان کے پاس جانے سے ہدایت کار کو منع کیا تھا جس کے بعد مجھے سمجھ آیا میرے خلاف بولی وُڈ میں ایک گینگ کام کررہا ہے۔ اے آر رحمان نے کہا کہ لیکن میں اس متعلق زیادہ سوچتا نہیں کیونکہ میں قسمت پر بھروسا رکھتا ہوں، ہر چیز خدا کی طرف سے ہے اور میں اچھی فلموں کو کبھی بھی نہ نہیں کرتا۔
اے آر رحمان کو جتنے ایوارڈز ملے وہ کسی بھی بھارتی موسیقار کو آج تک نہ مل سکے۔ انہیں بافٹا، گولڈن گلوب، سیٹلائٹ اور کرٹکس چوائس ایوارڈز مل چکے ہیں جب کہ ملکی سطح پر انہیں چار نیشنل ایوارڈز اور سات فلم فیئر ایوارڈز ملے ہیں۔ تامل فلموں میں بھی رحمان کی موسیقی بہت مقبول ہے اور اس انڈسٹری نے انہیں 12 ایوارڈز سے نوازا ہے۔ 2009 میں ان کو فلم سلم ڈاگ ملینیئر کے لیے بہترین موسیقی ترتیب دینے پر آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔