مدینہ منورہ: رمضان المبارک کی آمد میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور اس سے قبل ہی دنیا بھر سے عاشقان رسول مسجد نبوی میں حاضری دینے پہنچ رہے ہیں۔
مسجد نبوی کے امور کے نگراں ادارے کے مطابق ایک ہفتے میں 55 لاکھ 80 ہزار سے زائد معتمرین نے روضہ رسول پر حاضری دی جب کہ 3 لاکھ سے زائد خوش نصیبوں نے ریاض الجنۃ پر نماز پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
مسجد نبوی کے نگراں ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 12 ہزار سے زائد معذور افراد نے بھی روضہ رسول پر حاضری دی۔ ان خصوصی افراد کو خاص سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔
اسی طرح مسجد نبوی کی لائبریری سے 11 ہزار 753 افراد نے استفادہ کیا اور مدینہ میں ہونے والی مختلف نمائشوں اور عجائب گھروں میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
معتمرین اور عبادت گزاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر معتمرین کو ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کے خاتمے کے بعد سے دوسال سے مدینہ پہنچنے والے زائرین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے اور رمضان کے قریب آتے آتے یہ تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔