سڈنی: 5 منٹ کی سخت ورزش، وزن اٹھانے، گھریلو کام، یہاں تک کہ سودا سلف لانے سے بھی کینسر کے خطرات میں کمی واقع ہوسکتی ہے، کیونکہ یہ عادتیں سخت درجے کی ورزش کے برابر ہیں۔
مطلب کہ پانچ منٹ تک شدت بھری ایسی ورزش جو آپ کا سانس پھلادے وہ سرطان کے خلاف ایک اہم ڈھال بن سکتی ہے۔ یہ انکشاف ایک نئی تحقیق میں ہوا ہے۔ مجموعی طور پر اس سے ہر قسم کے سرطان کا خطرہ 18 سے 20 فیصد تک کم ہوسکتا ہے اور کچھ اقسام کے سرطان کا خطرہ 32 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
دلچسپ بات کہ خواتین گھریلو کام کرکے بھی یہ خطرہ کم کرسکتی ہیں، جن میں سودا سلف اٹھانا بھی شامل ہے۔ یہ تحقیق سڈنی یونیورسٹی میں چارلس پرکنس سینٹر کے سائنس دانوں نے کی ہے۔ اس میں 22 ہزار ایسی خواتین کو بھرتی کیا گیا جو باقاعدگی سے ورزش نہیں کررہی تھیں۔ پھر ان کی کلائی پر جسمانی سرگرمی نوٹ کرنے والے ویئرایبل ٹریکر پہنائے گئے۔
تحقیق سے وابستہ ایمانویل اسٹے میٹکس اور ان کے ساتھیوں نے کہا کہ بطورِ خاص ایسی گھریلو خواتین کو شامل کیا گیا جو باقاعدگی سے ورزش نہیں کرتیں، لیکن گھریلو کام اچھی طرح کرتی ہیں۔ انہیں خاص آلات پہناکر یہ دیکھا گیا کہ آیا وہ دن میں کتنی مرتبہ تیز شدت یا محنت والے کام کرتی ہیں اور ان کے کیا کیا جسمانی اثرات ہوسکتے ہیں؟
جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جاما) اونکولوجی، میں شائع رپورٹ کے مطابق خواتین بھی روزانہ کام کاج کے دوران ایچ آئی آئی ٹی (ہائی انٹینسٹی انٹرویل ٹریننگ) سے گزرتی ہیں۔ خواتین کی کل تعداد 22398 تھیں جن کی اوسط عمر 62 برس تھی۔ ان میں سے کوئی بھی باقاعدہ ورزش نہیں کررہی تھیں۔ چھ تا سات برس تک ان تمام افراد کا مطالعہ کیا گیا۔ اس دوران کل 2365 خواتین کینسر کی شکار ہوئیں۔
جن خواتین نے روزانہ تین سے پانچ منٹ تک ورزش نما مشقت یا گھریلو کام کیا تھا ان میں کینسر کا خطرہ 18 سے 20 فیصد تک کم دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بعض اقسام کے کینسر کی شرح میں 32 فیصد تک بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔