کراچی: ناقص تعمیرات کے باعث اکثر سڑکوں میں شگاف اور گڑھے پڑ جاتے ہیں۔ شہر قائد کی کئی سڑکیں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اُن کی خستہ حالی کے باعث مسافروں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ ٹریفک جام کا مسئلہ بھی اس وجہ سے سر اُٹھاتا ہے۔
تازہ اطلاع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کی طرف جانے والی کلب روڈ پر پی آئی ڈی سی سگنل کے قریب گڑھا پڑ گیا۔
پی آئی ڈی سی سگنل کے قریب مقامی ہوٹل کے باہر کلب روڈ پر گزشتہ روز رات کو شگاف پڑگیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا جب کہ ٹریفک پولیس نے گڑھے کے مقام کو رکاوٹ لگاکر بند کردیا ہے۔
صبح کے وقت انتظامیہ کی جانب سے ہیوی مشین موقع پر پہنچا دی گئی تاہم مرمتی کام شروع کرنے کی کوئی اطلاع پولیس یا مختلف متعلقہ اداروں کو نہیں دی گئی۔
اس قسم کے مسئلے سے مستقل نمٹنے کے لیے ازحد ضروری ہے کہ شفافیت کو فروغ دیا جائے اور ایمان دار افراد کو سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ٹھیکے تفویض کیے جائیں، تاکہ آئندہ ایسے مسائل جنم نہ لے سکیں۔