بلوچ کالونی پر آئل ٹینکر الٹنے سے ایک شہری جاں بحق، بدترین ٹریفک جام

کراچی: بلوچ کالونی کے پل پر آئل ٹینکر ایک کار پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں کار سوار جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کار کو ٹینکر کے نیچے سے نکالنے کے لیے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو جانے کے باعث ریسکیو حکام کو امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں جنہوں نے تین گھنٹے کی کوششوں کے بعد کرین کی مدد سے ٹینکر تلے دبی کار میں موجود شخص کی لاش کو باہر نکالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹینکر آئل خالی کرکے واپس آرہا تھا، ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جب کہ آئل ٹینکر سے بھاری مقدار میں مٹی کے تیل کا رساؤ جاری رہا۔
ٹریفک پولیس نے قیوم آباد سے بلوچ کالونی آنے والے پل کو ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا، تاکہ امدادی کارروائی میں خلل نہ پڑے۔
منظور کالونی فائر اسٹیشن کے فائر آفیسر ذوالفقار علی کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر میں مٹی کا تیل موجود ہے اور تیل کے رساؤ کی وجہ سے آگ لگنے کا خطرہ تھا، اسی لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن ڈھائی گھنٹے کی کوشش کے بعد مکمل کرلیا گیا ہے، گاڑی میں موجود شخص کی لاش کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 48 سالہ اسد علی زیدی ولد سید جرار علی کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروڈکشن ہاؤس میں سینئر ایڈیٹر تھا۔
فائر آفیسر ذوالفقار کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ ٹینکر کو آئل سے خالی کیے بنا ہٹانا ممکن نہیں، ٹینکر کی منتقلی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو بتادیا گیا ہے جب کہ فائر بریگیڈ کا عملہ ٹینکر ہٹائے جانے تک جائے وقوعہ پر موجود رہے گا۔

Baloch ColonykarachiOil Tanker OverturnedOne Person Killedtraffic jam