راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور لاہور میں عربی رسم الخط والا لباس پہنے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی اے ایس پی شہربانو نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی اور بے یقینی صورت حال پر قابو پانے پر اور ان کے پروفیشنل کردار کی تعریف کی۔
بہادر آفیسر شہر بانو نقوی نے 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔
آرمی چیف نے بہادر پولیس آفیسر شہر بانو نقوی سے ملاقات میں ان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، خواتین معاشرے کا انمول حصہ اور ان کا احترام مذہب اور ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔
جنرل عاصم منیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے، بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔