لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش سے 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں 5 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں نشتر ٹاؤن، لکشمی چوک، تاج پورہ، جوہر ٹاؤن میں بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
واسا کے مطابق 44 سال میں آج سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 357 ملی میٹر جب کہ نشتر ٹاؤن میں 299 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
واسا کا بتانا ہے کہ لکشمی چوک میں 211، تاج پورہ میں 240 اور جوہر ٹاؤن میں 270 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ شہر کے تین بڑے اسپتالوں کے مختلف وارڈز میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، میو اسپتال سروسز اور جنرل اسپتال میں مریض اور لواحقین پریشان ہیں۔
مریضوں کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دونوں وزرائے صحت میں سے کسی نے ابھی تک نوٹس نہیں لیا، خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر میں سے کوئی نہیں پہنچا۔
علاوہ ازیں شہر میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہے جب کہ 288 فیڈرز ٹرپ کرگئے۔
ترجمان لیسکو کا بتانا ہے کہ لیسکو فیلڈ اسٹاف کی جانب سے بجلی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔