افغان دارالحکومت کابل ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا، جہاں دہشت گردوں نے ایک اسکول کے قریب بم دھماکے کیے۔ ان دھماکوں سے کئی طالبات اور عام شہری جاں بحق ہوگئے۔ اموات کی تعداد 40 بتائی جارہی ہے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے اسکول کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس سے 40 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ خبروں کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں میں بڑی تعداد اسکول کی طالبات کی ہے۔ یہ طالبات دھماکے کے مقام سے قریب واقع اسکول میں پڑھتی تھیں۔
دھماکے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان افغان وزارت داخلہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے کم از کم 30 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے حملے کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی مذمت کی ہے۔