لندن: طویل ترین عرصے تک شہزادے کا اعزاز رکھنے والے شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تیاریاں زورشور سے جاری ہیں۔ اسی تناظر میں ایک خاتون نے 17 لیٹر چاکلیٹ سے ان کا بہت خوبصورت مجسمہ تیار کیا ہے۔
اس کی تیاری میں ٹِوکس، ملکی وے، باؤنٹی اور گلیکسی چاکلیٹیں بھی لگائی گئی ہیں۔ سینے سے کچھ نیچے تک کا یہ مجسمہ (بسٹ) عین چارلس کی جسامت کے لحاظ سے بنایا گیا ہے، جس کا کل وزن 23 کلوگرام تک ہے۔ اس کی تیاری میں ایک ماہ کا عرصہ لگا ہے۔
اس کی تیاری میں سب سے اہم چیلنج یہ تھا کہ آخر مائع چاکلیٹ کو کس طرح سے شہزادہ چارلس کے چہرے میں ڈھالا جائے۔ اس کے لیے ماہرین کو بلایا گیا اور مجسمہ سازی کی طرح چاکلیٹ کو برتا گیا تاکہ حقیقی خدوخال حاصل کیے جاسکیں۔
پھر لباس پر مختلف برانڈ کی چاکلیٹیں بھی لگائی گئیں۔ بادشاہ چارلس اس یادگار تقریب میں جو لباس پہنیں گے عین وہی لباس مجسمے پر لگایا گیا ہے جب کہ کندھے پر پٹیاں اور سینے پر بیج بھی ملکی وے اور باؤنٹی چاکلیٹ وغیرہ سے بنائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی 2023 کو لندن کے مشہور ویسٹ منسٹر ایبے میں ادا کی جائے گی۔