لاہور: صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس راہ پر چل پڑے جہاں پر دنیا کی غریب قومیں عظیم قومیں بن گئیں یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لئے ہم نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے خواہش کا اظہار کیا کہ میرا دل یہ چاہتا ہے کہ قبر میں جانے سے پہلے کم از کم پاکستان اس سڑک پر چل پڑے جہاں پر دنیا کی غریب قومیں عظیم قومیں بن گئیں ۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ ہم غریب رہنے کیلئے نہیں آئے، اللہ کو یہ منظور نہیں ہے۔ یہ محنت ، امانت اور دیانت کا سفر ہے جس کو ہم ملکر کریں گے تو پاکستان آج نہیں تو 10، 15 سال بعد چین اور امریکہ کا مقابلہ کرے گا۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو قائداعظم کے قول ایمان، اتحاد ، تنظیم پر ترقی دے سکتے ہیں یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لئے ہم نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔