لندن:سابق قومی کرکٹ کے کپتان محمد یوسف کے پختہ ایمان نے اینڈریو اسٹروس کا ڈوبتا کیریئر بچایا، انگلینڈ کے سابق کپتان نے انکشاف کیاکہ مسلمان ہونے والے پاکستانی بیٹسمین کے اللہ پر یقین کو مثال بناتے ہوئے خدشات اور وسوسوں سے نجات حاصل کی، بے خوف ہوکر کھیلنا شروع کیا تو کارکردگی میں تسلسل آیا۔
ایک انٹرویو میں انگلینڈ کے سابق کپتان اینڈریو اسٹروس نے کہاکہ ایک زمانے میں 50 ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بھی میرا کیریئر بے یقینی صورتحال سے دوچار تھا، میں 12 ماہ سے فارم کے لیے جدوجہد کررہا تھا،مجھے خوف تھا کہ کسی بھی وقت ڈراپ کر دیا جاؤں گا،نیوزی لینڈ کے خلاف نیپیئرٹیسٹ کی دوسری اننگز میرے کیریئر کی بقا کے لیے آخری موقع تھی،میں یہ سوچ کر میدان میں اترا کہ اگر یہ آخری اننگز ہے تو کیوں نہ اس کا بھرپور لطف اٹھایا جائے، سب اللہ تعالی کے اختیار میں ہے، جو ہونا ہے ہوکر رہے گا، قدرت کے فیصلوں میں ہمارا کوئی اختیار نہیں،میں بے فکر ہوکر کھیلا اور 177رنز بنانے میں کامیاب ہوگیا۔