کورونا کیسز میں اضافہ، این سی او سی اجلاس میں سخت فیصلے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گھر سے نکلتے وقت فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے 11بڑے شہروں میں کورونا کیسزمیں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، سیکرٹری صحت سمیت دیگر حکام شریک تھے۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا حکومت اور نجی سیکٹرز کےتمام دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔این سی او سی نے تمام صوبوں کو ایس او پیز اور ماسک پہننے پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ساتھ ہی بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورانٹ میں ایس او پیز پر عمل کرائے جائے پر زور دیا گیا،این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کے 11 شہروں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔یاد رہے گذشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے ،کورونا وبا کی دوسری لہرمیں اموات بھی بڑھ رہی ہیں، کورونا وبا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہوگا۔

coronavirus