اسلام آباد: وفاق نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تمام امتحانات یکم جون تک ملتوی کردیے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یکم جون تک پاکستان میں کسی بھی قسم کے امتحانات نہیں ہوں گے، کیمبرج کا بھی کوئی امتحان نہیں ہوگا، لندن یونیورسٹی یا دیگر کسی بھی قسم کا امتحان یکم جون تک نہیں ہوگا، بورڈز کے امتحانات یکم جون سے 15 جولائی کے درمیان ہوسکتے ہیں، امتحانات میں تاخیر کی وجہ سے یونیورسٹیوں میں داخلوں میں بھی تاخیر کردی گئی ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا یونیورسٹیوں کو تجویز دی تھی کہ ہاسٹلز خالی کرالیے جائیں، یونیورسٹیوں کے ہاسٹل خالی ہوگئے ہیں، ہاسٹل خالی کرنے کی شرط غیر ملکی طلبا پر لاگو نہیں ہوتی، غیر ملکی طلبا کو ہاسٹلز میں محدود کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی وی سے بات کر کے 2، 3 چینل حاصل کیے جائیں گے، ٹی وی کے ذریعے بچوں کو لیکچرز دیے جائیں گے، ٹی وی پر لیکچرز دینے کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے۔ کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، حکومت کی اولین ترجیح بچوں کو اس سے بچانا ہے، تعلیمی اداروں کی 5 اپریل تک بندش کے فیصلے پر عمل ہوا، صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کیے جائیں گے، 27 مارچ کو صوبائی وزرائے تعلیم سے مشاورت کریں گے۔