بی جے پی قیادت میں تعصب کا مرض سرایت کر گیا، غربت اور بیماری کے بجائے مسلمانوں کے خلاف محاذ کھول لیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث طویل اور اذیت ناک لاک ڈائون کے شکار بھارت میں انتہاپسندی عروج پر ہے، بی جے پی رہنما اس میں جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔
اتر پردیش سے بی جے پی کے رہنما سوریش تیواری نے یہ متعصبانہ بیان دیا کہ ہندو شہری مسلمان سبزی اور پھل فروشوں سے خریداری نہ کریں۔
یہ بیان انھوں نے اپنی ایک ویڈیو میں دیا، جو وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں سوریش تیواری کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ میں اعلانیہ کہہ رہا ہوں، اسے ذہن میں رکھیں، مسلمانوں سے سبزی مت خریدیں۔
خیال رہے کہ چند ہی روز قبل بھارتی وزیر اعظم نے عوام سے متحد رہنے کی اپیل کی تھی، البتہ بی جے پی کے ارکان اسمبلی کے بیانات اصل پالیسی کی عکاسی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل دہلی کی ایک افسوس ناک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص نے سبزی فروش سے اس کا نام پوچھا اور اس کے مسلمان ہونے کی بنیاد پر اس پر شدید تشدد کیا۔