کورونا میں مبتلا سندھ پولیس کے 258 اہلکاروں میں امدادی رقم تقسیم

کراچی: کورونا وبا میں مبتلا سندھ پولیس کے 258 ملازمین میں 25 لاکھ 80 ہزار روپے نقد رقم تقسیم کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مشتاق مہر کی خصوصی ہدایت پر کووڈ-19 کا شکار پولیس افسران اور اہلکاروں کو فی کس 10 ہزار روپے کی امدادی رقم دی گئی ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے ذرائع کے مطابق یہ رقوم تمام متعلقہ پولیس ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے 87 ملازمین، حیدرآباد پولیس رینج کے 7، سکھر پولیس کے 13، میرپورخاص کے ایک، لاڑکانہ کے 25 جب کہ ٹریننگ برانچ سندھ کے 89، سی آئی ڈی کے 15، کرائم برانچ کے 4، ٹی این ٹی پولیس کے 15، سندھ ریزرو پولیس اور آر آر ایف کے ایک، ایک اہلکار کو فی کس دس ہزار روپے کی امدادی رقم دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملازمین کی پہلی فہرست ہے جس کے بعد کورونا کا شکار مزید اہلکاروں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جارہا ہے جس کے بعد انہیں بھی امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔