کراچی: اداکارہ یشما گل کا کہنا ہے کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران مغربی لباس اور نیل پالش کے ساتھ نماز پڑھنے گئی تو جونیئر کاسٹ میں شامل اداکارہ نے ٹوکتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کی نماز کیسے قبول ہوگی؟
حال ہی میں اداکارہ یشما گل نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے مختلف موضوعات کے ساتھ مذہبی رجحانات کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
یشما گل نے ایک قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ میں شوٹنگ کے دوران وقفہ لے کر نماز پڑھنے گئی تو مجھے کاسٹ میں شامل ایک جونیئر اداکارہ نے کہا کہ بیٹا آپ نے مغربی لباس پہن رکھا ہے، نیل پالش بھی لگی ہوئی ہے، آپ کی نماز کیسے قبول ہوگی؟
یشما گل کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں کوئی جواب تو نہیں دیا لیکن میرے نزدیک کسی بھی انسان کی عبادت قبول کرنا اللہ کا کام ہے نا کہ انسانوں کا۔
یشما گل نے اپنی بات کی وضاحت کے لیے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت میں سوچ رہی تھی کہ اگر کوئی طالب علم امتحان میں بیٹھتا ہی نہیں تو یقیناً وہ فیل ہوجاتا ہے لیکن اگر کوئی طالب علم امتحان میں بیٹھ جائے تو کیا پتا اسے ایک دو نمبر مل ہی جائیں اور اللہ میرے معاملات کو بہتر جانتے ہیں۔
یشما نے یہ بھی کہا کہ میں تسلیم کرتی ہوں کہ ہمیں نماز کے لیے بھی پروٹوکول فالو کرنے چاہئیں، لیکن اگر کوئی ایسی سچویشن آجائے جہاں ہم یہ پروٹوکول فالو نہ کرسکیں، اس وقت ہمیں چاہیے کہ کم از کم فرض تو ادا کرلیں۔