کراچی، کورونا وبا میں ہولناک اضافہ، متاثرین 41 ہزار سے متجاوز

کراچی: کورونا وبا نے شہر قائد میں اپنے خوف ناک پنجے گاڑ لیے، مصدقہ مریضوں کی تعداد 41 ہزار سے زائد ہوگئی۔
سندھ میں کورونا کی صورت حال سے متعلق اپنے وڈیو بیان میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ بھر سے 2 ہزار 262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 517 نئے کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے۔ اس طرح سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 ہزار سے زائد جب کہ کراچی میں 41 ہزار 59 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کے ضلع شرقی سے 530، جنوبی سے 412، وسطی سے 180، غربی سے 170، کورنگی سے 109 اور ملیر سے 116 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ لاڑکانہ 106، حیدرآباد 86، سکھر 55، گھوٹکی 52، خیرپور 30، میرپورخاص 28، شکارپور 23، جامشورو 12، بدین، نوشہروفیروز اور سانگھڑ سے 8،8، ٹنڈو محمد خان 7، دادو 5، شہید بے نظیرآباد اور سجاول سے 3،3، جیکب آباد اور قمبر سے 2،2 جب کہ کشمور، ٹنڈوالٰہ یار اور ٹھٹھہ سے ایک ایک مریض میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 23 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 816 ہوگئی۔ صوبے کے ہر ضلع میں کورونا بڑھ رہا ہے، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کریں۔