پیپلز پارٹی کو شوکاز نوٹس نہیں دیا، وضاحت مانگی ہے: شاہد خاقان

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اتحاد کا بھروسا توڑا ہے جس پر انہیں شوکاز نوٹس نہیں بھیجا، بس وضاحت مانگی ہے ۔
یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ مانگنے پر پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، جس پر پی پی پی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوکاز نوٹس کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں، پیپلزپارٹی نے اتحاد کے فیصلے کو توڑا ہے، جس پر ان سے وضاحت طلب کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت روز ویلٹ ہوٹل کے معاملے پر وضاحت کرے کہ آخر یہ ہے کیا، روز ویلٹ ہوٹل پاکستان کی ملکیت ہے اور اس کی حقیقت عوام کو بتانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چینی اور آٹا درآمد کرنے کا اسکینڈل عوام کے سامنے نہ رکھ سکی، لیکن ملک کے اثاثے پر ہی حکومت کوئی عوام کے سامنے وضاحت کردے۔
نیب پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا سرکس چلتا رہے گا اور یہ بہت پرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا مقصد ہی سیاست دانوں کو ٹارگٹ کرنا ہے، یا ملک چلالیں یا پھر نیب کو چلالیں۔

PDMPPPShahid Khaqan Abbasi